بنگلورو،4؍نومبر (ایس او نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج برائے 2022 کا اعلان کردیا ہے۔ آن لائن حج درخواستیں داخل کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے اور مرکزی حج کمیٹی نے اس سفر حج کے اخراجات فی کس3,42,994.40 روپئے(3/لاکھ 42ہزار994 روپئے چالیس پیسے) بھی مقرر کردیئے ہیں۔اس کے باوجود شہر سے ہندوستانی عازمین حج 2022 پر جائیں گے۔
اس سلسلہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرناٹک اسٹیٹ حج آرگنائزرس اسوسی ایشن کے چیرمین اقبال احمد صدیقی نے کہا کہ حج 2022کیلئے حکومت سعودی عربیہ نے ابھی حج پالیسی جاری نہیں کی ہے صرف حج 2022کا اعلان کیا ہے۔ مکمل حج پالیسی جاری ہونے تک ہندوستانی اور دیگر منتخب ممالک کے عازمین حج کا سفر مشکوک ہے۔ ہمیں حج پالیسی جاری ہونے کا انتظارکرنا پڑے گا۔ ویسے سفر عمرہ کیلئے راستے کھل گئے ہیں لیکن سفر عمرہ کیلئے زائرین کا کووڈ ویکسین لگوانا لازمی ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ حکومت سعودی عربیہ نے کووی شیلڈ اورکو ویکسین کو ابھی منظوری نہیں دی ہے۔ اکثر ہندوستانیوں نے یہی ویکسین لگوائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں ویکسینوں پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سے بہت جلد منظوری ملنے کی امیدہے۔ اگر منظوری میں تاخیر ہوئی تو جلد سفر عمرہ پر جانے والے زائرین کو منظورشدہ ویکسین اسپوٹنک اورفائزرکمپنی کا ویکسین لگوانا ہوگا۔